Karachi Metropolitan Corporation --- Government of Sindh
Login/Signup Mail

12-11-2024

میئر کراچی نے کہا ہے کہ اپنے شہر کو بہتر دیکھنے کی خواہشمند نئی نسل ہمارا ساتھ دے، بہتری اور ترقی کی راہ پر گامزن ہونے کے لئے ہمارے نوجوانوں کو اپنے حصے کا انتہائی اہم کردار ادا کرنا ہے

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ اپنے شہر کو بہتر دیکھنے کی خواہشمند نئی نسل ہمارا ساتھ دے، بہتری اور ترقی کی راہ پر گامزن ہونے کے لئے ہمارے نوجوانوں کو اپنے حصے کا انتہائی اہم کردار ادا کرنا ہے، کراچی کے پرعزم نوجوانوں کے ساتھ مل کر اس شہر کو عظیم تر بنائیں گے، یوتھ پارلیمنٹ کے کراچی وژن 2030ء پروگرام میں شراکت کریں گے، نوجوان خصوصاً طالب علم بہتری کی کوششوں میں حکومت کے ساتھ مل کر کام کریں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے صدر دفتر بلدیہ عظمیٰ کراچی میں رضوان جعفر کی سربراہی میں یوتھ پارلیمنٹ کے چالیس رکنی وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر یوتھ پارلیمنٹ کے مقاصد اور سرگرمیوں کے حوالے سے میئر کراچی کو تفصیلات سے آگاہ کیا گیا اور کراچی وژن 2030ء کے چارٹر کے اجراء پر آئندہ سال جنوری میں کانفرنس میں شرکت اور پروگرام کی سرپرستی کی درخواست کی گئی، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی ماضی میں بہترین شہر ہوا کرتا تھا مگر اب یہاں صورتحال پہلے جیسی نہیں رہی، کراچی کی تاریخی عمارتیں اس شہر کا قیمتی اثاثہ ہیں، ان کے تحفظ اور مناسب استعمال کے لئے ہرسطح پر کوششیں کی جا رہی ہیں، انہوں نے کہا کہ تمام تر تنقید اور اختلاف رائے کے باوجود سیاستدان معاشرے کو متوازن انداز میں لے کر چلتے ہیں، کام کرنے کے لئے اچھی نیت ہونی چاہئے، آگے بڑھنے کے لئے تنقید برداشت کرنا پڑتی ہے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ قانون میں سے سزا و جزا کو نکال دیا جائے تو قانون، قانون نہیں رہتا، ملک کو خوشحال اور مضبوط بنانے اورعوام کو درپیش مسائل کے حل کے لئے قانون پر عملدرآمد ضروری ہے، شہر کو صاف ستھرا بنانے کے لئے ہمیں اپنے گھر کی طرح محلوں اور سڑکوں کو بھی صاف رکھنا ہے اور خاص طور پر نوجوانوں کو وال چاکنگ اور جگہ جگہ کچرا پھینکنے کی حوصلہ شکنی کرنی ہے، انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی ہر سال نالوں کی صفائی پر 60 سے 70 کروڑ روپے خرچ کرتی ہے جن میں سے پلاسٹک کی تھیلیاں اور بوتلیں نکلتی ہیں، اگر ہم ان چیزوں کو مقررہ جگہوں پر ڈالیں تو اس سے شہر کو آلودگی سے صاف رکھنا ممکن ہوگا اور صفائی ستھرائی کے کام پر مامور لوگوں کو بھی آسانی ہوگی، انہوں نے کہا کہ تجاوزات کراچی کا ایک اہم مسئلہ ہیں، سڑکوں پر ٹھیلوں ، پتھاروں، رکشوں اور دیگر گاڑیوں کی وجہ سے شہریوں کو آمدورفت میں مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے، رات کے وقت کشادہ نظر آنے والی یہی سڑکیں دن کے اوقات میں تجاوزات کے باعث تنگ نظر آتی ہیں اور ٹریفک اور راہگیروں کے لئے مشکلات پیدا ہوتی ہیں، حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اپنی ذمہ داریاں ہیں مگر ہمیں خود بھی بحیثیت قوم یہ سوچنا چاہئے کہ قانون شکنی کرکے ہم خود اپنا اور اپنے شہر کا نقصان کر رہے ہیں اور اس سے ہمارا امیج متاثر ہو رہا ہے، انہوں نے یوتھ پارلیمنٹ کے تحت ہونے والے پروگراموں کو نوجوانوں کے لئے حوصلہ افزاء قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان سرگرمیوں کے ذریعے ہمارے نوجوانوں کو اپنے شہر اور اس کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے حوالے سے زیادہ سے زیادہ جاننے کا موقع مل رہا ہے اور وہ عملی طور پر مسائل کے حل کا حصہ بننے کے قابل ہو رہے ہیں، جو ایک قابل تعریف بات ہے اور اس قسم کی تعمیری اور مثبت سرگرمیوں کو جاری رہنا چاہئے، انہوں نے یوتھ پارلیمنٹ کو ہرممکن تعاون اور سرپرستی کا یقین دلایا۔