08-11-2024
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مردا اور ایم ڈی واٹر کارپوریشن اسد اللہ خان کے ہمراہ جمیلہ اسٹریٹ پمپنگ اسٹیشن کی تعمیر و مرمت کے بعد ہفتہ کے روز باقاعدہ افتتاح کردیا
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مردا اور ایم ڈی واٹر کارپوریشن اسد اللہ خان کے ہمراہ جمیلہ اسٹریٹ پمپنگ اسٹیشن کی تعمیر و مرمت کے بعد ہفتہ کے روز باقاعدہ افتتاح کردیا، اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی محمدیوسف بلوچ، پیپلزپارٹی رہنماء خلیل ہوت ، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، یوسی 5 کے چیئرمین شاہد حسین بلوچ، یوسی 4 کے صدیق بلوچ، یوسی 6 رشید ہارون، یوسی10 حنیف چھتانی، محمد ر ئیسی اور دیگر مقامی رہنماء بھی موجود تھے، افتتاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ جمیلہ اسٹریٹ پمپنگ اسٹیشن کی صلاحیت 90 لاکھ گیلن تھی ، اب اسے بڑھا کرایک کروڑ 70 لاکھ کردیا گیا ہے جس سے اولڈ سٹی ایریا، صدر، لیاری، گارڈن اور دیگر علاقوں میں سیوریج کے مسائل پیدا نہیں ہوں گے، انہوں نے کہا کہ یہ وہ علاقہ ہے جہاں سے ماضی میں میئر، ڈپٹی میئر، وفاقی و صوبائی وزراء منتخب ہوتے رہے لیکن کسی نے اس علاقے کی قسمت کو سنوارنے کی کوشش نہیں کی، علاقہ مکینوں نے ہمارے سامنے گزارشات رکھی جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے آج کامیابی سے یہ کام مکمل کیا اور یہاں کی مشینری کو بہتر بنانے کے لئے یہ منصوبہ تیار کیا، انہوں نے کہا کہ جمیلہ اسٹریٹ پمپنگ اسٹیشن میں 5 درآمد شدہ نئے پمپس لگائے گئے ہیں، لوڈشیڈنگ کو ختم کرنے کے لئے کوششیں کی جا رہی ہیں جب تک یہ مسئلہ حل ہو اس وقت تک اسٹینڈ بائی جنریٹر لگائے گئے ہیں، جمیلہ اسٹریٹ پمپنگ اسٹیشن کی تعمیر و مرمت کے بعد باآسانی سیوریج کے پانی کی نکاسی ممکن ہوسکے گی، انہوں نے کہا کہ لیاری ہمارے سر کا تاج ہے ہماری جان ہے، اس پر ہم قربان ہیں، ہر صورت میں لیاری کے مکینوں کو ریلیف فراہم کریں گے، میئر کراچی نے کہا کہ جمیلہ اسٹریٹ پمپنگ اسٹیشن سے سو میٹر کے فاصلے پر چیل چوک ہے ایک وقت وہ تھا جب یہاں لوگ نہیں جاسکتے تھے لیکن آج بلاول بھٹو زرداری کی کوششوں سے یہاں نہ صرف عوام جاسکتے ہیں بلکہ اس علاقے میں ترقیاتی کام بھی جاری ہیں، انہوں نے میڈیا سے درخواست کی کہ وہ مثبت کاموں کو لوگوں کے سامنے پیش کریں تاکہ لوگوں کو اندازہ ہوسکے کہ کراچی میں ترقیاتی سرگرمیاں بھرپور طریقے سے جاری ہیں، میئر کراچی نے کہا کہ جمیلہ اسٹریٹ پمپنگ اسٹیشن 1887 میں تعمیر ہوا تھا جس سے کراچی کی تاریخ کا بھی پتہ چلتا ہے، انہوں نے کہا کہ ہم نے کراچی کی تاریخی عمارات اور ورثے کی حفاظت نہیں کی جس کے باعث اس شہر کی تاریخی حیثیت اجاگر نہیں ہوسکی، میڈیا کے ایک سوال کے جواب میں میئر کراچی نے کہا کہ پی ٹی آئی والے فیصلہ کرلیں کہ ان کی سوچ کیا ہے، کبھی وہ عمران خان اور امریکہ کے صدر ٹرمپ کی باتیں کرتے ہیں اور کبھی یوٹرن لے لیتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ہمارا تو کہنا تو صرف یہ ہے کہ بلاول آئے گا تو روزگار لائے گا، بلاول آئے گا تو بہتری آئے گی، میئر کراچی نے کہا کہ ریلوے کو زمین حکومت سندھ نے ٹریک بنانے کے لئے دی تھی لیکن محکمہ ریلوے نے ان زمینوں پر ہائوسنگ سوسائٹیز، پیٹرول پمپس اور عمارتیں بنا لی ہیں، شارع فیصل پر فلک ناز پلازہ کے برابر میں پیٹرول پمپ کی تعمیر جاری ہے، انہوں نے کہا کہ پورٹ قاسم ، کراچی پورٹ ٹرسٹ، ای پی زیڈ اے کراچی کے انفراسٹرکچر کو استعمال کرتا ہے لیکن اس پر پیسے خرچ کرنے کو تیار نہیں ہے، کراچی کی سڑکوں اور انفراسٹرکچر کو بہتر کرنے کو کے ایم سی کی ذمہ داری سمجھا جاتا ہے، انہوں نے کہا کہ ہم تمام علاقوں میں بلاامتیاز و تفریق خدمت کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔