08-11-2024
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ 10 نومبر سے شروع ہونے والے پہلے کے ایم سی میٹروپولیٹن کپ فٹبال ٹورنامنٹ 2024 کے انعقاد کے لئے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے-
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ 10 نومبر سے شروع ہونے والے پہلے کے ایم سی میٹروپولیٹن کپ فٹبال ٹورنامنٹ 2024 کے انعقاد کے لئے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، ٹورنامنٹ میں کل 24 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں 23 ٹیموں کا تعلق ٹائون انتظامیہ سے ہے جبکہ کے ایم سی کی ایک ٹیم بھی ٹورنامنٹ میں حصہ لے رہی ہے، کے ایم سی میٹروپولیٹن کپ فٹبال ٹورنامنٹ میں جیتنے والی ٹیم کو ٹرافی سمیت 10 لاکھ روپے ، دوسرے نمبر پر رہنے والی ٹیم کو 5 لاکھ روپے اور تیسرے نمبر پر آنے والی ٹیم کو ڈھائی لاکھ روپے نقد انعام دیا جائے گا، ٹورنامنٹ کے میچز کراچی کے ساتوں اضلاع میں واقع فٹبال گرائونڈز میں منعقد ہوں گے جبکہ سیمی فائنل اور فا ئنل فلڈ لائٹس میں کھیلا جائے گا، ٹورنامنٹ میں سپروائز کرنے کے لئے فیفا کی بین الاقوامی تنظیم فیفا سے منظور شدہ ریفری اور دیگر ٹیکنیکل عملے کی خدمات حاصل کی گئی ہیں جبکہ سابق فٹ بالرز اور ماہرین کی مشاورت کو بھی یقینی بنایا گیا ہے تاکہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تحت شہر میں منعقد ہونے والے اس پہلے میٹروپولیٹن کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کو ہر اعتبار سے اعلیٰ معیار کے مطابق بنایا جائے اور فٹ بال کے شائقین کو بہترین ورلڈ کلاس کھیل دیکھنے کو ملے، ٹورنامنٹ میں مختلف ٹائونز کی شرکت کرنے والی ٹیموں کے منیجرز کو محکمہ کلچر اینڈ اسپورٹس میں بلوا کر ان کی ٹیموں کے لئے ٹورنامنٹ کے حوالے سے ڈیزائن کردہ خصوصی کٹس حوالے کردی گئی ہیں اور ان کے ساتھ مسلسل رابطہ جاری ہے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کے ایم سی میٹروپولیٹن کپ 2024 کے میچز کے لئے منتخب کئے گئے فٹبال گرائونڈز میں کھلاڑیوں اور شائقین کے لئے ضروری سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کردی ہے اور اس سلسلے میں محکمہ کلچر اینڈ اسپورٹس اقدامات کر رہا ہے، میئر کراچی نے کہا کہ فٹبال کا کھیل کراچی میں انتہائی مقبول ہے اور کراچی سے تعلق رکھنے والے متعدد فٹبالر قومی فٹبال ٹیم میں اپنے اعلیٰ کھیل کی بدولت دنیا بھر میں پہچانے جاتے ہیں، خصوصاً لیاری اور ملیر کے علاقوں سے پاکستان کو ورلڈ کلاس فٹبالر میسر آئے ہیں جن کی صلاحیتوں سے استفادہ کرنا وقت کی ضرورت ہے، بلدیہ عظمیٰ کراچی فٹبال، کرکٹ ، ہاکی، والی بال، اسنوکر، کبڈی سمیت تمام مقبول کھیلوں کی سرپرستی اور ان کے فروغ کے لئے اقدامات کر رہی ہے اور ہرممکن کوشش کی جا رہی ہے کہ نوجوانوں کو مثبت اور صحت بخش سرگرمیوں کی طرف راغب کیا جائے، کے ایم سی میٹروپولیٹن کپ فٹبال ٹورنامنٹ 2024 کا انعقاد بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے، امید ہے کہ یہ ٹورنامنٹ کراچی کی تاریخ کا یادگار ترین فٹبال ٹورنامنٹ ثابت ہوگا اور اس کے ذریعے مزید باصلاحیت نوجوان کھلاڑی ابھر کر سامنے آئیں گے۔