04-11-2024
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ہدایت کی ہے کہ چکن گونیا، ملیریااورڈینگی جیسے امراض میں مبتلا مریضوں کے لیے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے بڑے اسپتالوں میں ایمرجنسی وارڈ بنائے جائیں-
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ہدایت کی ہے کہ چکن گونیا، ملیریااورڈینگی جیسے امراض میں مبتلا مریضوں کے لیے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے بڑے اسپتالوں میں ایمرجنسی وارڈ بنائے جائیں ، اسٹریٹ چلڈرنز کے لیے چائلڈ ہوم ، بزرگوں کے لیے اولڈ ایج ہوم اور منشیات کے عادی افراد کے لیے علاج گاہیں تعمیر کرنے کی فزیبلیٹی رپورٹ تیار کی جائے، بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مختلف اسپتالوں میں عارضی مدت کے لیے ڈاکٹرز اور ماہرین بھرتی کیے جائیں گے، کے ایم سی کے زیرانتظام تمام اسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس اپنے اسپتالوں میں مریضوں کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کریں، یہ بات انہوں نے محکمہ میڈیکل اینڈ ہیلتھ سروسز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر میونسپل کمشنر بلدیہ عظمیٰ کراچی افضل زیدی، مشیر مالیات گلزار علی ابڑو، سینئر ڈائریکٹر میڈیکل سروسز عمران صمدانی اور کے ایم سی کے تمام اسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے اجلاس کے دوران مختلف اسپتالو ں میں شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا اور ان کو مزید بہتر بنانے کے لیے جاری کی گئیں ہدایات پر بلاتاخیر عملدرآمد کی ہدایت کی، انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی ادارے شہریوں کی امانت ہیں اور ان کے قیام کا مقصد نچلی سطح پر لوگوں کو بنیادی طبی خدمات کی فراہمی ہے لہٰذا اس مقصد کے حصول کو یقینی بنانا ضروری ہے، سرکاری اسپتالوں میںکسی بھی جگہ پر قبضہ کرنے والے افراد خواہ کسی بھی سیاسی جماعت سے وابستہ ہوں ناقابل برداشت ہیں ا ور انہیں کسی بھی قیمت پر اس کی اجازت نہیں دی جاسکتی، کے ایم سی اسپتالوں کی انتظامیہ خاص طور پر ایسے عناصر کی سرکوبی کے لیے اپنا متحرک کردار ادا کرے تاکہ شہر کے طبی اداروں کو بہتر اور موثر بنایا جاسکے، انہوں نے کہا کہ سوبھراج میٹرنٹی اسپتال کو مدر اینڈ چائلڈ اسپتال میں تبدیل کرنے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں جس سے یہ قدیم اسپتال مزید بہتر اور جدید انداز میں مریضوں کو خدمات فراہم کرسکے گا، سوبھراج اسپتال میں ڈاکٹرز اور عملے کی کمی کو بھی فوری دور کیا جائے گا ا ور اسپتال کے تمام شعبوں کو اپ گریڈ کرنے کے لیے اقدامات کئے جائیں گے، لیپروسی اسپتال منگھو پیر کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے میئر کراچی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ لیپروسی اسپتال کی زمین پر ہونے والے قبضے کو فوری واگزار کرایا جائے اور اس معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہئے، لیپروسی اسپتال کو جدید میڈیکل سینٹر میں تبدیل کرنے کے منصوبے پر عملدرآمد کیا جائے گا اور پوری کوشش ہے کہ یہ اسپتال منگھو پیر اور ضلع غربی و کیماڑی کے مکینوں کو علاج معالجے کی بہترین خدمات فراہم کرے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ لانڈھی میڈیکل کمپلیکس میں مردہ خانے کو درست کر لیا گیا ہے جس میں 58لاشیں رکھنے کی گنجائش ہے، ایک ہفتے میں یہ مردہ خانہ فعال کر دیا جائے گا جبکہ عباسی شہید اسپتال کے مردہ خانے کو بھی فعال کیا جا رہا ہے جہاں 60لاشیں رکھنے کی گنجائش ہے،ان اقدامات سے کے ایم سی کے ان دو اہم اسپتالوں میں سرد خانوں کی زیادہ بہتر سہولت شہریوں کو دستیاب ہوجائے گی، میئر کراچی نے اس امر پر تشویش کا اظہار کیا کہ شہر میں ہرجگہ بھکاری اور منشیات کے عادی افراد نظر آتے ہیں جس سے شہر کا امیج خراب ہوتا ہے لہٰذا اس ضمن میں سندھ حکومت اور شہری انتظامیہ کے اشتراک سے ایسی حکمت عملی بنائی جانی چاہئے جس سے ان چیزوں کا تدارک ہوسکے اور شہر کے امیج کو بہتر بنایا جاسکے، انہوں نے تمام میڈیکل سپرنٹنڈنٹس سے کہا کہ اپنے اسپتالوں میں بہتر ی لانے کے لیے تجاویز پیش کریں تاکہ ان پر غور کرنے کے بعد اسپتالوں کی ترقی اور بہتری کے لیے مزید اقدامات عمل میں لائے جاسکیں۔