Karachi Metropolitan Corporation --- Government of Sindh
Login/Signup Mail

04-11-2024

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہا ب نے کہا ہے کہ کراچی پریس کلب کی لائبریری میں کراچی کارنر ایک اچھی پہل ہے

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہا ب نے کہا ہے کہ کراچی پریس کلب کی لائبریری میں کراچی کارنر ایک اچھی پہل ہے ، میں انتظامیہ کو پیشکش کرتا ہوں کہ وہ برنس گارڈن ، باغ ابن قاسم، کڈنی ہل اورکراچی کے دیگر مقامات پر بھی اسی طرح کی لائبریریاں بنائیں، گزشتہ سالوں کی طرح کراچی پریس کلب کو دس لاکھ کی گرانٹ اور اس کے گارڈن اور روکری کو اپنے والدین کے صدقہ جاریہ کے طور پر ذاتی حیثیت میں تعمیر کرنے کا اعلان کرتا ہوں، بلدیہ عظمیٰ کراچی صحافی برادری کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہے گی، ہم اس شہر کی ترقی اور خوشحالی کے کام جاری رکھیں گے، کراچی کارنر شہر پر تحقیق کرنے والوں کے لئے موثر ثابت ہوگا،کراچی کارنر کے ذریعے شہر کی تہذیب و ثقافت اور علم و ادب کو بہتر انداز میں محفوظ کیا جاسکے گا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز کراچی پریس کلب کی لائبریری میں کراچی کارنر کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، پریس کلب کے صدر سعید سربازی، سیکریٹری شعیب احمد ، سیکریٹری لائبریری عبدالرزاق ابڑو اور گورننگ باڈی کے دیگر عہدیداران اور ممبران بھی اس موقع پر موجود تھے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کے ایم سی کراچی کے ادیبوں ، شاعروں، کراچی کے موضوع پر پی ایچ ڈی کرنے والے محققین، فنون لطیفہ سے وابستہ شخصیات اور کسی بھی شعبے میں نمایاں خدمات انجام دینے والے شہریوں کو تمغہ کراچی دے گی تاکہ ان کی خدمات کو سراہا جاسکے، انہوں نے کہا کہ کراچی پریس کلب سے میری بچپن کی یادیں وابستہ ہیں،کراچی پریس کلب نے جمہوریت کی بحالی اور مظلوم لوگوں کے حقوق کی جدوجہد میں اہم کردار ادا کیا ہے،تمام سیاسی جماعتیں اور تنظیمیں اپنے حقوق کی آواز کراچی پریس کلب کے سامنے ہی بلند کرتے ہیں،کراچی پریس کلب کے ہر سال انتخابات ادارے کو جمہوریت پسند ثابت کرتے ہیں،کراچی پریس کلب اور صحافیوں برادری کی بہتری کے لئے جو ممکن ہوسکا کریں گے، انہوں نے کہا کہ ڈینسو ہال اور خالق دینا ہال لائبریری کی تزئین و آرائش کا کام جاری ہے اور ایک ماہ کے اندر دونوں مقامات پر ڈیجیٹل لائبریریاں بنائی جائیں گی اور انہیں عوام کے لئے کھولا جائے گا، کے ایم سی پرائیویٹ لائبریریوں کو درست کرنے کے لئے بھی مدد کرنے کو تیار ہے، میئر کراچی نے کہا کہ روزانہ کی بنیادوں پر کراچی کی آبادی میں اضافہ ہو رہا ہے، کراچی میں آئے روز دوسرے شہروں سے لوگ آکر آباد ہو رہے ہیں، اسی حساب سے وسائل بھی درکار ہیں، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری صحافتی تنظیموں، پریس کلبز اور صحافیوں کی بے انتہا توقیر کرتے ہیں،کراچی پریس کلب صحافیوں کا ایک منظم ادارہ ہے اور دنیا بھر میں اپنی پہچان رکھتا ہے،کے ایم سی نے ہمیشہ کراچی پریس کلب کی سرپرستی کی ہے اور آئندہ بھی کرتی رہے گی، میئر کراچی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میونسپل ٹیکس کی مد میں کے ایم سی نے ایک بڑی کامیابی حاصل کی ہے ، ماضی میں جو ٹیکس سال میں جمع ہوتا تھا ہم نے ایک ماہ میں کرکے دکھایا ہے، کل اس کی تفصیلات سے صحافی برادری کو آگاہ کروں گا، انہوں نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت کے دور میں شہر میں سڑکوں کو کمرشلائزڈ کیا گیا ، جب ایک 80 گز کے پلاٹ پر 20 ،20 منزلہ عمارتیں بنیں گی تو پانی اور سیوریج کے مسائل پیدا ہوں گے، انہوں نے کہا کہ شہر کے مختلف اضلاع میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت کا کام جاری ہے، ایم اے جناح روڈ، جناح برج ، اولڈ ٹرمینل بندرگاہ، جی الانہ روڈ، شاہراہ لیاقت، باتھ آئی لینڈ، مائی کلاچی رو، راشد منہاس روڈ ، شفیق موڑ پر سڑکوں کا کام جاری ہے اور اسی طرح مہراب خان اور عیسیٰ خان روڈ کی تعمیر بھی ہم نے ہی مکمل کی ہے، ملیر ایکسپریس وے اور کورنگی کاز وے پیپلزپارٹی کی حکومت تعمیر کر رہی ہے، 26 آئینی ترمیم کے موقع پر میری وزیراعظم سے درجنوں ملاقاتیں ہوئی ہیں اور میں نے ہمیشہ ان سے کہا ہے کہ کراچی کے لئے دل کو وسعت دیں، میئر کراچی نے اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں آپ کو کراچی میں واضح فرق نظر آئے گا اور انشاء اللہ ہم کراچی کو تبدیل کرکے دکھائیں گے۔