02-11-2024
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی ہدایت پر شہر میں مکھیوں، مچھروں اور دیگر جراثیم کے خاتمے کے لئے اسپرے مہم شروع کردی گئی ہے
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی ہدایت پر شہر میں مکھیوں، مچھروں اور دیگر جراثیم کے خاتمے کے لئے اسپرے مہم شروع کردی گئی ہے تاکہ شہریوں کو ملیریا، ڈینگی،چکن گونیا اور دیگر وبائی امراض سے تحفظ فراہم کیا جاسکے، اسپرے کے دوران بلدیہ عظمیٰ کراچی کی 30 گاڑیاں 25ٹاؤن میونسپل کارپوریشنز کے علاقوں میں اسپرے کا کام انجام دیں گی، خاص طورپر نشیبی علاقوں اور ندی نالوں کے اطراف بھرپور اسپرے کیا جائے گا جہاں مچھروں کی افزائش کا امکان رہتا ہے، اسپرے کے لئے شام کا وقت مقرر کیا ہے، بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے شروع کی گئی اسپرے مہم جس کا آغاز یکم نومبر کو ہوا ہے، 12 نومبر تک جاری رہے گی، پہلے دن بلدیہ ٹاؤن، ماڑی پور ٹاؤن، چنیسر ٹاؤن اور گلشن ٹاؤن کی تمام یوسیز میں اسپرے کیا گیا جبکہ 2نومبر کو گڈاپ ٹاؤن، ابراہیم حیدری ٹاؤن، گلبرگ ٹاؤن کی یوسیز میں اسپرے کیا جائے گا، 4 نومبر کو لیاقت آبادٹاؤن، جناح ٹاؤن، صفورہ ٹاؤن، 5 نومبر کو کورنگی ٹاؤن، لانڈھی ٹاؤن، لیاری ٹاؤن، 6 نومبر کو صدر ٹاؤن، ملیر ٹاؤن، ماڈل کالونی ٹاؤن، 7 نومبر کو منگھوپیر ٹاؤن، مومن آباد ٹاؤن، موریرو میر بہار ٹاؤن، 8نومبر کو اورنگی ٹاؤن، ناظم آباد ٹاؤن، نارتھ ناظم آباد ٹاؤن، 11 نومبر کو نیو کراچی ٹاؤن، سہراب گوٹھ ٹاؤن اور 12 نومبر کو شاہ فیصل ٹاؤن میں واقع تمام یوسیز میں اسپرے کیا جائے گا، اسپرے مہم کے لئے متعلقہ ٹاؤن کی انتظامیہ کے ساتھ رابطہ کیا گیا ہے اور پوری کوشش کی جارہی ہے کہ کوئی بھی جگہ اسپرے سے محروم نہ رہے، ملیریا انسپکٹر کے زیرنگرانی جراثیم کش اسپرے مہم کے لئے متعلقہ افسر ٹاؤن میونسپل کارپوریشن سے اسپرے مہم مکمل ہونے کا سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے پابند ہوں گے، شہریوں سے درخواست کی گئی ہے کہ اسپرے مہم کے دوران کے ایم سی کے عملے سے تعاون کریں اور اگر کسی علاقے میں اسپرے نہیں ہوا ہے تو اس سے فوری آگاہ کریں تاکہ بلاتاخیر وہاں اسپرے کے لئے ٹیم بھیجی جاسکے۔