Karachi Metropolitan Corporation --- Government of Sindh
Login/Signup Mail

25-10-2024

جاپان کے قونصل جنرل ہتھوری مسارو (Hattori Masaru)نے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب سے جمعہ کی صبح صدر دفتر بلدیہ عظمیٰ کراچی میں ملاقات کی

جاپان کے قونصل جنرل ہتھوری مسارو (Hattori Masaru)نے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب سے جمعہ کی صبح صدر دفتر بلدیہ عظمیٰ کراچی میں ملاقات کی جس کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا اور جاپان کے قونصل جنرل نے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کو نومبر میں منعقد ہونے والے میلہ جاپان میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی دعوت بھی دی، میئر کراچی بیرسٹرمرتضیٰ وہاب نے جاپان کے قونصل جنرل کو بلدیہ عظمیٰ کراچی آمد پر خوش آمدید کہا ،انہوں نے کہاکہ پاکستان اور جاپان کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات قائم ہیں،جاپان کی حکومت نے ہمیشہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں دلچسپی لی ہے، خاص طور پر جاپان کے ادارے جائیکا کا کردار قابل تحسین ہے جس کے زیراہتمام کراچی میں متعدد ترقیاتی منصوبوں پر کام ہو رہا ہے اور اس کے نتیجے میں کراچی کے انفراسٹرکچر پر مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ جاپانی ثقافت کو دنیا بھر میں روشناس کرانے کی کاوشیں قابل قدر ہیں، کراچی کے شہری بھی جاپانی ثقافت میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں جبکہ بلدیہ عظمیٰ کراچی مختلف ملکوں کی تہذیبی، ثقافتی اور علمی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے کوشاں ہے لہٰذا فریئر ہال میں جاپان کا ثقافتی پروگرام منعقد کیا جائے تو بلدیہ عظمیٰ کراچی اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرتے ہوئے اس کے لئے بھرپور تعاون فراہم کرے گی، ملاقات کے دوران میئر کراچی نے حال ہی میں پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں منظور کی جانے والی پاکستان کے آئین میں 26ویں ترمیم کی افادیت سے متعلق قونصل جنرل جاپان ہتھوری مساروکو آگاہ کیا اور بتایا کہ 26ویں ترمیم کا مقصد اداروں میں توازن پیدا کرنا ہے جس کے مستقبل میں مثبت اور تعمیری اثرات ہوں گے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کا سلسلہ جاری ہے ،جاپان کی ٹیکنالوجی اور مصنوعات کو پاکستان میں بے انتہا پذیرائی حاصل ہے اور ہماری خواہش ہے کہ پاکستان میں صنعتی شعبہ جاپانی ٹیکنالوجی سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کرے، اس کے علاوہ شہری انفراسٹرکچر کو بہتر اور جدید بنانے میں جاپان کے تجربے اور مہارت کے انتہائی بہترین نتائج سامنے آئے ہیں، انہوں نے کہا کہ جاپانی کمپنیز کو کراچی میں سرمایہ کاری پر مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا ،کراچی میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے پُرکشش مواقع دستیاب ہیں اور حکومت سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے ہرممکن اقدامات کررہی ہے، مستقبل میں پاکستان اور جاپان کے درمیان دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم اور دوستی کا رشتہ مزید مضبوط ہوگا، میئر کراچی نے جاپان کے قونصل جنرل کو کراچی کی ترقی کے لیے جاری منصوبوں کے حوالے سے تفصیلات بتائیں، انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمی کراچی شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر سطح پر اقدامات کررہی ہے، رہائشی علاقوں کے ساتھ ساتھ شہر میں واقع مختلف صنعتی زونز میں بھی بنیادی انفراسٹرکچر کو بہتر اور جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے ، انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی اور ضلعی بلدیاتی ادارے شہریوں کو نچلی سطح پر ضروری سہولیات کی فراہمی کے ذمہ دار ہیں اور شہر کی تعمیر و ترقی کے لیے تمام ادارے باہمی طور پر مل کر کام کررہے ہیں، جاپان کے قونصل جنرل Mr.Hattori Masaruنے کہا کہ ملکی معیشت کے مرکز اور اہم شہر ہونے کے ناطے کراچی کا پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ہے اور جاپانی حکومت کراچی میں جاری ترقیاتی کاموں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ جاپان اور پاکستان کے درمیان مستقبل میں مزید شعبوں میں تعاون کی راہیں کھلیں گی اور خاص طور پر کراچی کی ترقی میں جاپانی حکومت اور جاپانی اداروں کو مزید بہتر کردار ادا کرنے کا موقع ملے گا۔