Karachi Metropolitan Corporation --- Government of Sindh
Login/Signup Mail

26-10-2024

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شہریوں کو مذبح خانوں کے ذریعے فراہم کئے جانے والے گوشت کا معیار جانچنے کے لئے خصوصی ٹاسک فورس بنائی جارہی ہے-

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شہریوں کو مذبح خانوں کے ذریعے فراہم کئے جانے والے گوشت کا معیار جانچنے کے لئے خصوصی ٹاسک فورس بنائی جارہی ہے جس کا مقصد شہریوں کو یہ اعتماد دینا ہے کہ جو گوشت وہ کھا رہے ہیں وہ صحت مند اور حلال جانوروں کا ہے، اس مقصد کے تحت محکمہ ویٹنری بلدیہ عظمیٰ کراچی کی ٹیمیںفوڈ ز کی فروخت والی جگہو ں پرجاکر گوشت کا معائنہ کرکے نمونہ جات حاصل کریںگی اور یکم نومبر سے میٹ، بیف اور چکن شاپس کو لائسنس جاری کئے جائیں گے، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت نیوکراچی مذبحہ خانہ کو جدید طرز اور تمام تر سہولتوں کے ساتھ ازسرنو تعمیر کیا جائے گا، یہ بات انہوں نے ہفتہ کے روز محکمہ ویٹنری بلدیہ عظمیٰ کراچی کے افسران کے ساتھ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر میونسپل کمشنر کے ایم سی ایس ایم افضل زیدی، سینئر ڈائریکٹر ویٹنری افتخار احمد اوردیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ہدایت کی کہ لانڈھی مذبحہ خانہ اور نیوکراچی مذبحہ خانہ میں ذبح کئے جانے والے جانوروں کو مکمل طور پر چیک کیا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ شہریوں کو فراہم کیا جانے والا گوشت حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق اور صحت بخش ہو، بیمار اور لاغر جانوروں کو ویٹنری ڈاکٹرز ذبح ہونے سے مکمل طور پر روکیں، گوشت فروخت کرنے والی دکانوں اور اطراف میں صفائی ستھرائی، مکھیوں کو روکنے کے لئے جالی لگانے اور صحت مند گوشت کی فراہمی کویقینی بنایا جائے بصورت دیگر قواعدوضوابط کی خلاف ورزی کرنے والی دکانوں کو سیل کردیاجائے گا، میئرکراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہاکہ بلدیاتی اداروںکی بنیادی ذمہ داریوں میں شہریوں کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق تیار کئے گئے صحت بخش اور حلال گوشت کی فراہمی شامل ہے لہٰذا اس معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہ کیاجائے اور کے ایم سی کے افسران اپنے فرائض کی ادائیگی میں کوئی کوتاہی نہ برتیں، انہوں نے کہاکہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت کے ایم سی کے مذبحہ خانوں کو بہتر بنایا جارہا ہے اور اس کے لئے متعدد تجاویز زیر غور ہیں جبکہ مختلف اداروں کے ساتھ بھی بات چیت ہورہی ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے، انہوں نے محکمہ ویٹنری کو یہ ہدایت بھی کی کہ شہر میں کسی بھی جگہ پر ہونے والے غیر قانونی طورپر جانوروں کے ذبیجے اورایسے گوشت کی فروخت کو روکا جائے اور اس کے ذمہ داروں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے، شہریوں کو بیماریوں سے بچانے کے لئے غیر معیاری گوشت کی فروخت کو روکنا انتہائی ضروری ہے اور اس کے لئے تمام تر ضروری اقدامات عمل میں لائے جائیں گے،انہوں نے مزید ہدایت کی کہ محکمہ ویٹنری کی خصوصی ٹیمیں بلاتخصیص شہر کے ہر علاقے میں کاروائی کریں اور اس عمل کی مکمل نگرانی کی جائے۔