Karachi Metropolitan Corporation --- Government of Sindh
Login/Signup Mail

28-10-2024

فریئر ہال میں سی ایس ایس کارنر کی چوتھی سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب

ممبر فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور سابق ڈائریکٹر جنرل نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ لبنیٰ ایوب نے کہا ہے کہ کراچی کے نوجوانوں کو سی ایس ایس کارنر میں مقابلے کے امتحان کی مفت تعلیم دینا قابل ستائش عمل ہے، اس سے پہلے کراچی کے طلباو طالبات کے لئے سی ایس ایس کی تیاری کا کوئی ادارہ نہیں تھا، اس اقدام سے کراچی کے نوجوان طلبا و طالبات کو اپنا مستقبل بنانے اور ملک و قوم کی خدمت کا موقع فراہم ہوگا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے فریئر ہال میں سی ایس ایس کارنر کی چوتھی سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پرڈپٹی کمشنر ضلع وسطی طحہٰ سلیم ، پیٹرن ان چیف سید طارق مصطفی، ایس ایس پی وسطی ذیشان صدیقی، محمد علی صدیقی، نتاشا شفیع، سینئر ڈائریکٹر اطلاعات و طباعت بلدیہ عظمیٰ کراچی علی حسن ساجد ، سینئر ڈائریکٹر کلچر اینڈ اسپورٹس رضا عباس رضوی، سابق ڈائریکٹر کچی آبادی مظہر خان اور دیگر بھی موجود تھے، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی طحہٰ سلیم نے کہا کہ کراچی کے نوجوانوں کے لئے سی ایس ایس کارنر تاریکی میں اجالے کی پہلی کرن ہے گزشتہ چار سال کے دوران سی ایس ایس کارنر میں شرکت کرنے والے 60 سے زائد طلبا و طالبات سی ایس ایس کے امتحانات میں کامیابی حاصل کرچکے ہیں جبکہ متعدد نوجوانوں نے دیگر امتحانات میں بھی کامیابی حاصل کی ہے جو اس پروگرام کی افادیت اور کامیابی کا ثبوت ہے،چار سال قبل شروع ہونے والے اس تعلیمی منصوبے کو کامیاب بنانے میں سابق کمشنر کراچی افتخار شلوانی، سی ایس ایس کارنر کے پیٹرن ان چیف سید طارق مصطفی، ڈی آئی جی پی سیکورٹی ڈاکٹر مقصود احمد، ایس ایس پی ضلع وسطی ذیشان شفیق صدیقی، بلدیہ عظمیٰ کراچی اور فیضان گلوبل ریلیف فائونڈیشن کی کاوشوں اور تعاون کا بڑا حصہ ہے، ان تمام اداروں اور شخصیات نے اس منصوبے میں بھرپور تعاون فراہم کیا ہے اور اس تعلیمی اقدام کو مزید وسعت دینے میں ہمیشہ مددگار ثابت ہوئے ہیں، سی ایس ایس کارنر کا آغاز 27 اکتوبر 2020 کو ہوا جس کا مقصد قابل طلبا و طالبات کو سی ایس ایس اور دیگر اہم امتحانات میں کامیابی کے لئے اعلیٰ معیار کی تربیت فراہم کرنا ہے۔ ان چار سالوں میں تقریباً 60 طلبا و طالبات نے سی ایس ایس کے امتحان میں کوالیفائی کر کے اعلیٰ سرکاری افسران کی حیثیت سے اپنی خدمات کا آغاز کیا ہے، اس وقت کراچی میں سی ایس ایس کارنر کے تین کیمپس موجود ہیں، پہلا فیریئر ہال، دوسرا عائشہ منزل مرکز اسلامی اور تیسرا کورنگی نمبر پانچ کی لائبریری میں قائم کیا گیا ہے، تقریباً ایک ہزار طلبا و طالبات اس وقت سی ایس ایس کارنر کے مختلف کیمپس میں ماہرین اور سرکاری افسران کی زیر نگرانی سی ایس ایس امتحانات کی تیاریوں میں مصروف ہیں، یہ تعلیمی اقدام قابل طلبہ کو قومی سطح پر کامیابی کے لیے مواقع فراہم کرنے کی راہ ہموار کر رہا ہے ،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئر ڈائریکٹر اطلاعات و طباعت و میڈیا مینجمنٹ علی حسن ساجد نے سی ایس ایس کارنر کے چار مکمل ہونے پر منتظمین اور طالب علموں کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ یہ امر قابل تحسین ہے کہ سی ایس ایس جیسے ملک میں مقابلے کے اعلیٰ ترین امتحان کی تیاری کے لئے کراچی کے نوجوان طلبا و طالبات کو بہترین اور بھرپور مواقع فراہم کئے گئے ہیں جس سے نہ صرف وہ اپنا مستقبل روشن کرسکتے ہیں بلکہ محنت اور دیانتداری سے کام کرکے ملک و قوم کی خدمت کا فریضہ بھی انجام دے سکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ سی ایس ایس کارنر میں شرکت کرنے والے نوجوان انتہائی باصلاحیت ہیں اور ابلاغ عامہ اور سرکاری فرائض کی ادائیگی کے حوالے سے انہیں ان نوجوانوں کو لیکچر دے کر دلی مسرت محسوس ہوتی ہے،اس موقع پرممبر فیڈرل بورڈ آف ریونیو لبنیٰ ایوب، سی ایس ایس کارنر کے پیٹرن ان چیف سید طارق مصطفی، ایس ایس پی وسطی ذیشان صدیقی، محمد علی صدیقی، نتاشا شفیع، سینئر ڈائریکٹر اطلاعات و طباعت علی حسن ساجد، احمد حسن اور دیگر کو شیلڈ بھی پیش کی گئیں، سی ایس ایس کارنر کے پیٹرن ان چیف سید طارق مصطفی نے کہا کہ سی ایس ایس کارنر کی تین برانچز میں ایک ہزار سے زائد طلبا و طالبات تعلیم حاصل کررہے ہیں، شاندار مستقبل اوراعلیٰ عہدوں پر فائز ہونے کے لیے سی ایس ایس کے امتحان میں کامیابی ضروری ہے، اعلیٰ تعلیم کے ساتھ ساتھ سی ایس ایس کارنر میں زیر تعلیم طلباء کو تربیت کے مواقع بھی فراہم کئے جاتے ہیں، کراچی کے نوجوان با صلاحیت ہیں انہیں صرف درست رہنمائی کی ضرورت ہے، تقریب کے اختتام پر سی ایس ایس کارنر کی چوتھی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔