20-06-2024
میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ عید کے ایام میں ایک لاکھ 46 ہزار 584 ٹن آلائشیں اور کچرا اٹھایا گیا جس کے لئے 99 کلیکشن پوائنٹس بنائے گئے تھے
میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ عید کے ایام میں ایک لاکھ 46 ہزار 584 ٹن آلائشیں اور کچرا اٹھایا گیا جس کے لئے 99 کلیکشن پوائنٹس بنائے گئے تھے، آلائشیں اٹھانے کا یہ آپریشن پانچ روز تک کامیابی سے اختتام پذیر ہوا،بجٹ اجلاس کے بعد میونسپل اسٹاف اور سینیٹری ورکرز کو سٹی کونسل میں بلا کر میں اور منتخب نمائندے انہیں خراج تحسین پیش کریں گے، شدید گرمی کے دنوں میں سینیٹری ورکرز نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے شہر سے آلائشیں اور کچرا صاف کیا، آلائشوں کی صفائی کے بعد بارشوں کے حوالے سے دوسرا بڑا چیلنج ہمارے سامنے ہے، اس حوالے سے تمام انتظامات مکمل کرلئے ہیں، بارشوں کے فوری بعد ترقیاتی کاموں پر فوکس کیا جائے گااور جاری منصوبوں کو بھی مکمل کریں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز کے ایم سی کے مرکزی دفتر میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، جمن دروان، میئر کراچی کے ترجمان برائے سیاسی امور کرم اللہ وقاصی، ایم ڈی سالڈ ویسٹ منیجنگ بورڈ سید امتیاز شاہ کے علاوہ مختلف یوسیز کے چیئرمین اور مقامی رہنما بھی موجود تھے، میئر کراچی نے کہا کہ اولڈ سٹی ایریا میں ہمیں مشکلا ت کا سامنا تھا لیکن بھرپور توجہ کے ساتھ کام کیا گیا جس کے باعث یہ آپریشن تمام 25 ٹائونز میں یکساں طور پر انجام دیا گیا،انہوں نے کہا کہ آلائشوں کے ٹھکانے لگانے کے لئے خندقیں کھودی گئیں، جام چاکرو میں 83 ہزار 521 ٹن، گوند پاس میں 46 ہزار 907 ٹن اور شرافی گوٹھ میں 16 ہزار 156 ٹن آلائشیں مدفون کی گئیں، ٹائون چیئرمین بھی گرائونڈ پر موجود تھے اور میں ان کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں یہ ایک بہت اچھی روایت قائم ہوئی ہے، سالڈ ویسٹ کی پوری ٹیم کے ساتھ ساتھ منتخب بلدیاتی نمائندے بھی سڑکوں پر موجود رہے اور صورٍ چھڑکائو بھی کیا گیا، یہ کراچی کی تاریخ میں پہلی بار ہوا، میئر کراچی نے کہا کہ بڑے عرصے کے بعد کے ایم سی نالوں کی صفائی کا کام خود کر رہی ہے جس کے ٹینڈر ایک سے دو روز میں کئے جائیں گے، شہر کے تمام چوکنگ پوائنٹس کلیئر کردیئے گئے ہیں، بارشوں کے چیلنج سے نمٹنے کے لئے مشینری کو بھی درست کرلیا گیا ہے، محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق 27 اور 28 جون کے بعد بارش کا ایک اسپل آنا شروع ہوگا، گزشتہ روز ہمارا ایک سال مکمل ہوگیا ہے اور اس ایک سال میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مسائل پر قابو پانا شروع کردیا ہے، ہر روز درجنوں یوسی چیئرمینز سے ملتا ہوں اور بنیادی مسائل کے حل کے لئے کوشش بھی کرتا ہوں، میئر کراچی نے کہا کہ یونین کونسل کے پاس ایک پانچ لاکھ روپے کے بجائے بارہ لاکھ روپے ہوں گے اور اس رقم سے وہ اپنے علاقے میں بنیادی کام کروا سکیں گے، کے فور کے منصوبے کے لئے وفاقی اور وزیراعظم سے گزارش کروں گا کہ وہ جلد اس مسئلے کو حل کریں ،ایک سوال کے جواب میں میئر کراچی نے کہا کہ ضلع وسطی میں پانی کی کمی کا سامنا رہا جس کی وجہ یونیورسٹی روڈ پر ریزوائر کی لیکیج ہے جس سے پانی کا بڑا نقصان ہو رہا ہے، عید کے دنوں میں ہم اگر پانی کی لائن کو بند کرتے تو عوام کو زیادہ مسائل کا سامنا کرنا پڑا، یہ لیکیج ختم کرنے کے لئے 36 گھنٹے درکار ہوں گے اور ہم اس کام کو 22جون کو شروع کردیں گے، شہر میں اضافی پانی لانے کے لئے منصوبوں پر کام ہوگا، وزیراعظم سے میں درخواست کرتا ہوں کہ کے فور سے متعلق ایکنک سے جو اجازت درکار ہے اسے فوری دلوائیں، پریس کانفرنس کے موقع پر لیبر لیڈر کرامت علی کے انتقال پر بھی اپنی جانب سے اظہار تعزیت کیا اور کہا کہ کرامت علی کا انتقال سے دکھ ہوا انہوں نے ہمیشہ مزدور کے حقوق کے لئے جدوجہد کی اور اپنی پوری زندگی مزدور کے نام کردی۔