Karachi Metropolitan Corporation --- Government of Sindh
Login/Signup Mail

19-06-2024

میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ، عید الاضحی کے موقع پر آلائشیں اٹھانے کے لیے شہر کے مختلف علاقوں میں 99 کلیکشن پوائنٹس قائم کئے گئے تھے

میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت کا حلف لینے والے میدان میں موجود ہیں، تنقید کرنے والے تنقید کرتے رہیں ہم کام کرتے ہیں اور کام کو احسن طریقے سے انجام بھی دیتے ہیں، عید الاضحی کے موقع پر آلائشیں اٹھانے کے لیے شہر کے مختلف علاقوں میں 99 کلیکشن پوائنٹس قائم کئے گئے تھے، جن پر بلدیاتی عملہ اندرون شہر سے آلائشیں جمع کررہا تھا، میونسپل عملے کو میں سلام تحسین پیش کرتا ہوں، انکے کام کے پیش نظر انہیں شاباش کی ضرورت ہے، اگر ہم انہیں نظر انداز کریں گے تو یہ غلط ہوگا، کراچی بھر سے یومیہ دس سے گیارہ ہزار میٹرک ٹن کچرا اٹھایا جاتا ہے، تین روز میں ایک لاکھ ٹن آلائشیں اور کچرا اٹھا گیا، یہ ایک چیلنج ضرور تھا تاہم ہم ہمت ہارنے والے نہیں تھے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید کے دنوں میں شہر کے مختلف علاقوں میں آلائشوں کے آپریشن کی مسلسل نگرانی اور انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کیا، اس موقع پر میونسپل کمشنر افضل زیدی، مینیجنگ ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ سید امتیاز شاہ اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے تمام اضلاع میں الائشیں ٹھکانے لگانے کے انتظامات کا جائزہ لیا، انہوں نے ضلع شرقی میں شرف آباد بہادر آباد، طارق روڈ، دھوراجی، محمد علی سوسائٹی اور ناہید اسٹور کے ساتھ کلیکشن پوائنٹ کا دورہ کیا اور وہاں آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کے کام کی از خود مانیٹرنگ کی، انہوں نے کہا کہ ضلع شرقی کے مختلف علاقوں سے آلائشیں جمع کی جارہی ہیں،کلیکشن پوائنٹس سے تمام آلائشیں لینڈ فل سائٹس پر دفن کرنے کے لئے روانہ کی گئی، میئر کراچی نے ضلع وسطی میں لیاقت آباد کلیکشن پوائنٹس پر کام کا معائنہ کیا اور اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ماضی میں لیاقت آباد کی صورتحال آلائشوں کے حوالے سے خراب ہوتی تھی تاہم لیاقت آباد سمیت شہر بھر میں بلدیاتی عملے کی موجودگی کی وجہ سے صورتحال کافی بہتر رہی، میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ لیاقت آباد کلیکشن پوائنٹس پر جماعت اسلامی کے منتخب نمایندے چیئرمین اسداللہ اور عبید بھی موجود تھے، سالڈ ویسٹ کے ایم ڈی سمیت تمام عملہ بھی تینوں دن مصروف عمل رہا، میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب ضلع شرقی اور وسطی کے بعد ضلع عربی بھی گئے اور وہاں آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کے انتظامات کا جائزہ لیا، انہوں نے کہا کہ عوام اور بلدیاتی عملے کے بھرپور تعاون سے عید قرباں کے تینوں روز کام جاری رہا اور آلائشوں کو بروقت اور مجوزہ طریقے سے ٹھکانے لگایاگیا،میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب کے ضلع غربی کے دورے کے موقع پر جماعت اسلامی کے یو سی چیئرمین امید علی قاضی کی ٹاؤن چیئرمین اور کے ایم سی کے عملے کی تعریف کی اور کہا کہ کے ایم سی اور ٹاؤن چیئرمین کی جانب سے ہمیں بروقت گاڑیاں موصول ہوگئی تھیں، کے ایم سی اور ٹاؤن انتظامیہ کی جانب سے بھرپور تعاون حاصل رہا، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب ضلع غربی کے علاقے مومن آباد ٹاؤن بھی گئے اور آلائشوں کو ٹھکانے لگانے سے متعلق انتظامات کا جائزہ لیا، پی ٹی آئی کے یوسی چیئرمین مومن آباد صلاح الدین نے کے ایم سی اور ٹاؤن انتظامیہ کے کاموں کی بھر پور تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس مرتبہ عید قربان پر بہترین انتظامات دیکھنے میں آئے ہیں، ہم سب گراؤنڈ پر موجود ہیں جس سے بلدیاتی عملے کے حوصلے بلند رہتے ہیں، گزشتہ سالوں کے مقابلے میں اس مرتبہ اچھے انتظامات کئے گئے ہیں، میئر کراچی نے کہا کہ اپوزیشن اور سیاسی جماعتوں کو ساتھ لیکر چل رہے ہیں ، تمام 25 ٹاؤنز میں ہمارے لوگ کام کررہے ہیں، چھوٹی اور بڑی گاڑیاں صفائی کے کاموں میں مصروف ہیں، سب ملکر کام کررہے ہیں اور عوام کی خدمت میں مصروف ہیں، میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ عوام کی خدمت ہمارا نصب العین ہے جنہوں نے ہم پر اعتماد کیا اور پیپلز پارٹی کو ووٹ دے کر کراچی میں تاریخ رقم کی، میئر کراچی نے کہا کہ عید کے تینوں دنوں میں آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کے بعد چونا ڈالا گیا اور فیومیگیشن بھی کی گئی، جو بھی وسائل ہمارے پاس موجود ہیں اس سے عوام کی خدمت کررہے ہیں، سینٹری اسٹاف کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ گرمی کے دنوں میں بھی عملے نے بہترین کام کیا، میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے ضلع کورنگی، ملیر اور دیگر علاقوں میں الائشیں ٹھکانے لگانے کے کام کا بھی جائزہ لیا اور کہا کہ عید کے تینوں روز آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کے کام کی خود نگرانی کی ہے، پورے ضلع کورنگی میں آلائشوں کو کلیکشن پوائنٹس پر جمع کرنے اور لینڈ فل سائٹس پر پہنچانے کا کام تینوں دن جاری رہا، عید کے پہلے روز 67 ہزار ٹن آلائشیں اور کچرا لینڈ فل سائٹ منتقل کیا، کراچی والوں کو ہم نے مایوس نہیں کیا، تمام عملہ سڑکوں پر موجود رہا، میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے ضلع کورنگی کے دورے کے موقع پر چائنیز کمپنی کے افسران و عملے سے بھی ملاقات اور ان کی کارکردگی کو سراہا، میئر کراچی نے عید کے تیسرے روز کیماڑی اور لیاری ٹاؤن کا دورہ کیا، کیماڑی سے منتخب ایم پی اے آصف خان اور ٹاؤن چیئرمین ہمایون خان نے میئر کراچی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ علاقے سے تمام آلائشوں کو بروقت اٹھایا گیا ہے جہاں سے بھی شکایات موصول ہوئی ہیں وہاں پر عملہ بھیج کر آلائشوں کو صاف کیا گیا ، میئر کراچی نے ٹاؤن چیئرمین اور ایم پی اے کی کاوشوں کو سراہا، میونسپل ادارے، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اور بلدیاتی عملہ عید کے تینوں دن متحرک رہا جس کے باعث آلائشیں اٹھانے کے آپریشن کامیابی کے ساتھ مکمل کر پائے، میئر کراچی نے کہا کہ ہم اختیارات کا رونا رونے کے بجائے عوام کی خدمت پر عمل پیرا ہیں، پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے عوام کی خدمت کررہے ہیں، یہ ہماری ذمہ داری ہے جو پوری کریں گے، عید کے تینوں روز ہمیں کراچی کے عوام کا بھرپور تعاون حاصل رہا ہے، کہیں سے کوئی بڑی شکایت موصول نہیں ہوئی ہے، انشاء اللہ ترقی کا یہ سفر جاری و ساری رہے گا۔