Karachi Metropolitan Corporation --- Government of Sindh
Login/Signup Mail

28-07-2025

ہیپاٹائٹس سے بچاؤ کے لیے شعور، ویکسین اور صحت مند طرزِ زندگی ناگزیر ہیں۔ ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد کا عالمی یومِ ہیپاٹائٹس پر پیغام

ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے عالمی یومِ ہیپاٹائٹس کے موقع پر عوام میں شعور و آگاہی پیدا کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہیپاٹائٹس ایک خاموش قاتل ہے جس سے نمٹنے کے لیے صرف علاج نہیں بلکہ پیشگی اقدامات انتہائی ضروری ہیں، انہوں نے کہا کہ ہیپاٹائٹس سے بچاؤ کے لیے وفاقی سطح پر جاری ویکسینیشن مہمات میں مزید تیزی لانے کی ضرورت ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس بیماری سے محفوظ رہ سکیں، خاص طور پر وہ علاقے جہاں صاف پانی اور طبی سہولیات کی قلت ہے،ڈپٹی میئر کراچی نے کہا کہ صاف پانی کی فراہمی، بہتر حفظانِ صحت کے انتظامات اور عوامی سطح پر بھرپور آگاہی ہیپاٹائٹس جیسے مہلک مرض سے بچاؤ کی کنجی ہیں، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عوام میں ہیپاٹائٹس کے بارے میں پائے جانے والے غلط تصورات کا خاتمہ بھی اتنا ہی اہم ہے جتنا اس کا طبی علاج،انہوں نے کہا کہ بلدیاتی ادارے عوام کو ہیپاٹائٹس سے محفوظ رکھنے کے لیے اپنی تمام تر ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں اور بلدیہ عظمیٰ کراچی ہیپاٹائٹس کی روک تھام کے لیے محکمہ صحت کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی،انہوں نے شہر کے مختلف علاقوں میں قائم ہیپاٹائٹس سے متعلق آگاہی کیمپوں اور مفت اسکریننگ و ویکسینیشن مراکز کے قیام کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ اس طرح کے اقدامات سرکاری و نجی سطح پر مزید وسیع پیمانے پر ہونے چاہییں تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد کو فائدہ پہنچ سکے۔ ڈپٹی میئر نے کہا کہ شہریوں کو چاہیئے کہ وہ اپنی صحت کا خیال رکھتے ہوئے وقتاً فوقتاً اپنا طبی معائنہ کروائیں اور کسی بھی علامت کی صورت میں فوری ڈاکٹر سے رجوع کریں،انہوں نے عالمی ادارہ صحت (WHO)، محکمہ صحت سندھ اور دیگر متعلقہ اداروں کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ مشترکہ اقدامات اور عوامی شمولیت کے بغیر کسی بھی بیماری پر قابو پانا ممکن نہیں۔