Home  
    Mayor  
    Deputy Mayor  
    Metropolitan Commissioner  
    Departments  
    KMC Directory  
    Photo Gallery  
    Video Gallery  
       
 
 
       
    Tender Information  
    KMC Function  
    Tenders  
    Grand Auctions  
    Section 144 CR.P.C  
    Notifications  
    KMC Resolution  
       
 
 
       
    Public Notice  
    Information  
    National Holidays  
    Prayer Timings  
    Archive  
       


 
 
 
 
     
  میئر کراچی وسیم اختر نے کہاہے کہ بلدیہ عظمی کراچی انڈس موٹرز کے تعاون سے شہر میں پانچ لاکھ درخت لگائے گی-  
     
  20-Nov-2018  
     
   
     
  میئر کراچی وسیم اختر نے کہاہے کہ بلدیہ عظمی کراچی انڈس موٹرز کے تعاون سے شہر میں پانچ لاکھ درخت لگائے گی، شہر سے ماحولیاتی آلودگی ختم کر نے کے لئے شہری اپنے گھروں کے سامنے اور گلی محلے میں درخت لگائیں اور ان کی پرورش کریں صرف چند سال میں کراچی ہرا بھرا ہو جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز پورٹ قاسم میں انڈس موٹرز کی جانب سے ملین ٹری مہم کی افتتاحی تقریب اور سپر ہائی وے پر ڈی آئی جی ہائی وے پولیس کے آفس میں شجر کاری مہم کے افتتاح کے بعد خطاب کرتے ہوئے کیا۔ میئر کراچی نے کہا کہ شہر میں اس وقت بے شمار مسائل ہیں بڑھتی ہوئی آلودگی بھی ایک بڑا سماجی مسئلہ ہے جس کو اجتماعی کوشش سے ہی ختم کیا جا سکتا ہے۔ بلدیہ عظمی کراچی نے اپنے پارکوں اور گرین بیلٹ سمیت 108 سڑکوں کے کنارے اور درمیان میں درخت لگانے کی مہم شروع کی ہوئی ہے۔ کراچی کے موسم کی مناسبت سے نیم، گل مور اور دیگر پھل دار اور سایہ دار درخت لگائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں پہلی مرتبہ سوہانجنا کا درخت کثیر تعداد میں لگایا جارہاہے جس کے پتے اور جڑیں بھی انسانی صحت کے لئے کارآمد ہیں۔ انڈس موٹرز کے چیف ایگزیکٹو علی اصغر جمالی نے کہا کہ گاڑیاں بنانے والی کمپنی ملک کے سماجی مسائل حل کرنے پر بھی لاکھوں روپے سالانہ خرچ کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم تعلیم اور صحت کے شعبے میں کام کرتے ہیںجبکہ کمپنی اس سال ملک بھر میں دس لاکھ درخت لگائے گی جس میں سے پانچ لاکھ درخت کراچی میں لگائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں شجر کاری بلدیہ عظمی کراچی کے اشتراک سے کی جائے گی۔ سپر ہائی وے پر ڈی آئی جی ہائی وے پولیس کے دفتر میں پودا لگا کر شجر کاری مہم کا افتتاح کرنے کے موقع پر میئر کراچی وسیم اختر نے کہاکہ بلدیہ عظمی کراچی شجر کاری مہم کو کامیاب بنانے کے لئے ہائی وے پولیس کو ٹیکنیکل مدد فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ملک کے تمام ادارے عوامی و فلاحی منصوبوں کو باہمی اشتراک اور تعاون سے مکمل کریں تاکہ ہم سب مل کر اجتماعی کوششوں کے ذریعے اپنے شہر کو خوب سے خوب تر بناسکیں، میئر کراچی نے کہا کہ یہ ایک اچھا اقدام ہے کہ ہائی وے پولیس ہائی وے پر شجر کاری کر رہی ہے۔ جس سے سپر ہائی وے کے اطراف علاقے کو سر سبز اور ماحولیاتی اعتبار سے بہتر بنانے میں مد د ملے گی، سپرہائی وے کراچی میں داخلے کا اہم راستہ ہے اور اسے سر سبز اور خوبصورت بناکر دنیا کی بہترین ہائی وے میں تبدیل کیا جاسکتا ہے جس کے لئے ہر ممکن تعاون کے لئے تیار ہیں، اس موقع پر ڈی آئی جی ہائی وے محمد سلیم نے میئر کراچی کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ بلدیہ عظمی کراچی کا محکمہ پارک اینڈ ہارٹیکلچر فنی مدد فراہم کرے تاکہ بلدیہ عظمی کراچی کے اشتراک سے ہم بڑے پیمانے پر شجر کاری کر سیکیں۔  
     
     
   
     
     

 

 

 

 

 
 
     
 

Copyright © 2011-2012 Karachi Metropolitan Corporation. All rights reserved.
The KMC will not be responsible for the content of external internet sites. / Login  / Webmail  / Webmail 2  / 1339 Executive Dashboard